اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی پر پاور ڈویژن کی 7 ستمبر تک کی رپورٹ جاری کر دی گئی، رپورٹ کے مطابق بجلی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، بیشتر علاقوں میں فیڈرز اور گرڈ سٹیشنز کو مکمل یا جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فیسکو کے زیرِ انتظام علاقوں ٹی ٹی سنگھ، فیصل آباد ، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ڈی آئی خان کے 27 گرڈ اور 80 فیڈرز متاثر ہوئے،ان میں سے 15 مکمل اور 61 عارضی طور پر بحال کر دیئے گئے۔
اسی طرح گیپکوکے 11 گرڈز اور 103 متاثرہ فیڈرز میں سے 86 فیڈرز مکمل اور 17 جزوی طور پر بحال ہو چکے ہیں۔
لیسکو کے تحت لاہور، اوکاڑہ، شيخوپورہ، قصور اور ننکانہ کے 67 متاثرہ فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 57 فیڈرز کو مکمل اور 10 کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے، ان علاقوں میں مکمل بحالی کا عمل 7 سے 8 ستمبر کے دوران مکمل ہونے کی توقع ہے، لیسکو کے زیرِ انتظام علاقے شیخوپورہ میں بجلی کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
پاور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق میپکو کے زیرِ انتظام علاقوں کے 151 متاثرہ فیڈرز عارضی طور پر بحال کر دیئے گئے، میپکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں 113369 صارفین متاثر ہوئے، پانی اترتے ہی متاثرہ فیڈرز کی مکمل بحالی کا کام شروع ہو جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پیسکو کے علاقے سوات، بنر، شانگلہ، صوابی اور ڈی آئی خان کے 12 گرڈز اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے،جن میں سے 86 فیڈرز مکمل اور 5 جزوی طور پر بحال ہو چکے ہیں، ان علاقوں میں مکمل بحالی کا عمل 11 سے 12 ستمبر کے دوران مکمل ہونے کی توقع ہے، جبکہ پیسکو کے زیرِ انتظام علاقے سوات، صوابی اور ڈی آئی خان میں بجلی کی بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
اسی طرح ٹیسکو کے علاقے شمالی وزیرستان اور خیبر کے 18 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 7 فیڈر مکمل اور 9 فیڈر عارضی طور پر بحال کر دیئے گئے ہیں، ان علاقوں میں مکمل بحالی کا عمل 15 ستمبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہیزیکو کے زیرِ انتظام علاقے مانسہرہ کے 3 متاثرہ فیڈر مکمل طور پر بحال ہو چکے ہیں، مجموعی طور پر 50 گرڈ اور 513 متاثرہ فیڈرز میں 254 کو مکمل اور 253 کو عارضی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی مکمل بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولت فراہم کی جا سکے۔