حمزہ شہباز شریف

سیلابی صورتحال ،بھارتی آبی جارحیت کے باعث تشویشناک صورتحال ہے’ حمزہ شہباز

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے ملک میں سیلابی صورتحال بالخصوص خیبر پختونخوا اور پنجاب میں جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیلابی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے،بارشوں اور کلائوڈبرسٹ سے خیبر پختونخوا میں سیلاب میں 470سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، پنجاب میں سیلابی ریلا چناب راوی اور ستلج سے گزر رہا ہے،کئی اضلاع ریڈ الرٹ پر ہیں اور لوگوں کو امداد و ریسکیو فراہم کیا جا رہا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں شدید بارشوں ، سیلابی صورتحال اور بھارتی آبی جارحیت کے باعث تشویشناک صورتحال ہے۔

اس سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے ، اللہ تعالی اس سے پاکستان کو محفوظ رکھے آمین۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھڑی فصلوں لوگوں کے مال مویشی اور گاں دیہاتوں کو نقصان پہنچا ہے، پنجاب میں 160سے زائد قیمتی انسانی جانیں بھی اس سیلابی صورتحال کا نشانہ بن چکی ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا کر رہا ہے۔