لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں امن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علما ئے کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر اور دیگر بھی موجود تھے ۔
ملک سیف الملوک کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی نگرانی میں محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں ،فیک نیوز کی مانیٹرنگ اور روک تھام کے لئے پہلی مرتبہ خصوصی اقدامات کے تحت نیا سسٹم نافذ کر کے سپیشل کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل سیل میں مذہبی منافرت اور فرقہ واریت پر مشتمل سوشل میڈیا مواد کی 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے،مذہبی منافرت پر مبنی مواد کی تشہیر و اشاعت اور تقاریر پر مکمل پابندی یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی محفوظ بنانے کے لئے کوئیک رسپانس فورس تعینات کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور باقاعدہ طور پر سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا امن اور رواداری کا درس دیتا ہے،عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدام کریں گے۔ تمام شرکا ء نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔