سیف الملوک کھوکھر

سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے حلقہ این اے 126میں ایسٹر کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے حلقہ این اے 126میں ایسٹر کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

جس میں مسیحی برادری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما علی سرور گیلانی اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔سیف الملوک کھوکھر نے مسیحی برادری کو ایسٹر کے تہوار کی مبارکباد اورپاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے مثبت اور نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں مسیحی برادی کی انتھک محنت، دیانت اور خدمات ہمارے لیے قابل فخر سرمایہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسٹر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ باہمی رواداری، انسانی وقار کا احترام اور پائیدار امن کا قیام ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر طرح کے مذاہب کے لوگ بستے ہیں جنہیں مذہبی اور سماجی آزادیاں حاصل ہیں ، مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے ہمیشہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں ،انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں آگے بڑھنے کیلئے یکساں مواقع فراہم کئے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں وفاقی اور صوبائی حکومت نے اقلیتی برادری کے لئے کئی منصوبے شروع کئے ہیں جن کے ثمرات بھی ان تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتیں ہمارے سروں کا تاج ہیں ، ایسٹر کے موقع پر اس پروقار تقریب کا انعقاد اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہم اقلیتوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں ۔