سیف الملوک کھوکھر 27

سیف الملوک کھوکھر نے خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی خصوصی مہم کے تحت ویکسینیشن کیمپ کا افتتاح کر دیا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر ممبر قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی خصوصی مہم کے تحت وائٹ پیلس مرغزار PP-168 میں ویکسینیشن کیمپ کا افتتاح کیا ۔تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب کی ملک بھر میں جاری خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کے سلسلے میں وائٹ پیلس مرغزار PP-168 میں ویکسینیشن کیمپ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ“خسرہ اور روبیلا جیسے امراض بچوں کی صحت کے لیے شدید خطرہ بنتے ہیں۔ حکومتِ پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں بچوں کو موذی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ یہ مہم ہمارےہمارے بچوں کی صحت کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی ویکسین لگوائیں تاکہ انہیں جان لیوا بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ملک سیف الملوک کھوکھر نے محکمہ صحت کی ٹیموں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ اسٹاف گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین لگا رہا ہے جو قابلِ ستائش ہے۔ مہم کے دوران PP-168 سمیت پنجاب کے تمام علاقوں میں پانچ سال تک کی عمر کے لاکھوں بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔تقریب میں محکمہ صحت پنجاب کے نمائندگان ، لیڈی ہیلتھ ورکرز، کوآرڈینیٹر مطیع الرحمان اور مقامی معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں