لاہو ر (رپورٹنگ آن لائن ) سیشن کورٹ نے ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گرفتاری سے 2 اگست تک روکتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پرفریقین کے وکلا کو ضمانت پر دلائل دینے کےلئے طلب کرلیا ۔لاہور سیشن کورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایف آئی اے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔
لاہور سیشن کورٹ نے ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گرفتاری سے 2 اگست تک روک دیا ہے۔ بیکنگ کورٹ کے ڈیوٹی جج سید عباس علی کی جانب سے جاری 2 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے تفتیش جوائن کرلی ہے اور دونوں ملزمان کے خلاف تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے اپنا تحریری جواب ایف آئی اے میں جمع کرادیا ہے لہذا انصاف کی بنیاد پر مبنی تحقیقات کی جائیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت تک مقدمے کی تفتیش مکمل کرے ۔عدالت نے آئندہ سماعت پرفریقین کے وکلا کو ضمانت پر دلائل دینے کےلئے طلب کرلیا ہے۔