سید یوسف رضا گیلانی 8

سید یوسف رضا گیلانی کی لکی مروت میں پولیس وین کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس وین کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت متعدد پولیس اہلکاروں کی شہادت پر چیئرمین سینیٹ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں اور دہشت گرد انسانیت کے مشترکہ دشمن ہیں جو دنیا کے امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا قومی سرمایہ اور فخر ہیں، جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں