رپورٹنگ آن لائن۔
ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گوجرانوالہ ڈویژن ثوبیہ مالک نے کہا ہے کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر سیالکوٹ، سید تجمل حسین نقوی کی قیادت میں ضلعی ٹیم نے مالی سال 2024-25 کے دوران واجبات اور محصولات کی مد میں 116 فیصد سے زائد وصولی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1 ارب 72 کروڑ روپے ریونیو اکٹھا کیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں ای ٹی او آفس سیالکوٹ کی جانب سے 1 ارب 18 کروڑ روپے کی ریونیو وصولی ہوئی تھی، جبکہ رواں مالی سال کے اختتام پر 54 کروڑ روپے کی اضافی کلیکشن ٹیم کی کمٹمنٹ، مہارت اور شب و روز محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے یہ بات سیالکوٹ میں واقع ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کا مقصد ضلعی کارکردگی کو سراہنا اور نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران کو اعزازات سے نوازنا تھا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسائز نے ای ٹی او تجمل حسین نقوی سمیت ان افسران کو اسناد اور شیلڈز سے نوازا جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔
تقریب کے دوران ڈائریکٹر نے بتایا کہ انسپکٹر انس الطاف نے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 121 فیصد ہدف مکمل کیا، جبکہ انسپکٹر اشرف ڈوگر اور انسپکٹر شبیر گجر نے موٹر برانچ میں 157 فیصد ٹارگٹ حاصل کیا۔ اسی طرح، انسپکٹر قاسم بھٹی نے لگژری ٹیکس میں 703 فیصد کا ہدف عبور کرتے ہوئے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جو محکمانہ تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ثوبیہ مالک نے کہا کہ ایکسائز آفس سیالکوٹ کی یہ شاندار کارکردگی نہ صرف ضلعی بلکہ ڈویژن اور صوبائی سطح پر بھی باعثِ افتخار ہے۔ انہی نتائج کی بدولت گوجرانوالہ ڈویژن نے صوبہ پنجاب کے تمام ڈویژنز میں نمایاں مقام حاصل کیا، جبکہ سیالکوٹ ضلع نے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ای ٹی او سیالکوٹ اور ان کی ٹیم نے دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور ادارہ جاتی وژن کی بہترین مثال قائم کی ہے۔
تقریب کے اختتام پر ای ٹی او سید تجمل حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے محکمانہ قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ آئندہ بھی اسی لگن اور جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریونیو کلیکشن کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی، شفافیت اور ٹیکس دہندگان کی عزت و تکریم بھی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ ٹیکس کی ادائیگی نہ صرف قومی فریضہ ہے بلکہ ایک ذمہ دار شہری کی ذمہ داری بھی ہے۔
۔۔