لاہور(رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی کی صورتحال معیشت کیلئے زہر قاتل ہے ، ملک کو گھمبیر مسائل کی دلدل سے باہر نکالنے اوردرست سمت میں چلانے کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ نا گزیر ہو چکا ہے اور اس کےلئے بغیر کسی تاخیر کے پیشرفت ہونی چاہیے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے اپنے دفتر میں ملاقات کےلئے تاجروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر سرپرست اعلی ظہیر بابر،مرکزی جنرل سیکرٹری محبوب علی سرکی،لاہور کے صدر میاں طارق فیروز،سینئر نائب صدور لاہور شیخ اختر،رفعت سنی ،نائب صدور لاہورمرزا اطہر بیگ،چوہدری نوید ، جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ ،لاہورکے سینئر وائس چیئرمین ملک ناظم ،شہزاد بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ملاقات میں ریٹیلرز کےلئے مجوزہ ٹیکس اسکیم ، مارکیٹوں میں پارکنگ کے مسائل اور تجاوزات کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ گو مگو کی صورتحال کی وجہ سے تاجروں سمیت ہرطبقہ پریشان ہے ، اس طرح کے حالات میں معیشت کبھی گروتھ نہیں دکھا سکتی ۔
وزیر اعظم شہباز شریف وژن رکھنے والے لیڈر ہیں انہیں چاہیے کہ غیر ملکی قرضے اتارنے کیلئے حکمت عملی مرتب کریں کیونکہ موجودہ حالات میںمحصولات کا ایک بڑا حصہ قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگیوں کی مدمیں چلا جاتا ہے اور ہم پھر صفر پر کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ خدارا ملک کے نازک حالات کا ادراک کریں اور غیر یقینی کی صورتحال کے خاتمے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔