لاہور (رپورٹنگ آن لائن)معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاورنے کہا کہ ہمیں اپنے سیاسی تفرقات سے بالاتر ہو کر ملک کی خوشحالی اور بہتری کے لیے متحد ہونا ہے، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد کے فرمودات کو آگے لے کر چلنے کا اعادہ کرنا ہے، ہمیں پاکستان کو قائد اعظم کے بتائے ہوئے راستے پر لے کر چلنا ہے،
قائد کی طرف سے برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کا تحفہ ہمیں رہتی دنیا تک یاد رہے گا، اب ہمیں قائد کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کو نئی بلندیوں پر لے کر جانا ہے، قائد اعظم نے ہمیں ایمان، اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کا بھی درس دیا ہے،معاون خصوصی نے کہا کہ ایمان کی بنیاد پر یہ ملک ہمیں ملا، اتحاد اور تنظیم بنائے رکھنا اب ہمارا کام ہے،حسان خاور نے کہا کہ آج ہمیں معاشرے کے ہر پہلو میں منظم ہونے کی اشد ضرورت ہے، اتحاد اور تنظیم سے ہم اکیسویں صدی میں پاکستان کو نئی بلندیوں پر لے کر جائیں گے،انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کا ویژن بھی پاکستان کو سب سے آگے دیکھنا تھا۔