اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار ہوگا تو ملک ترقی نہیں کرے گا، سیاسی استحکام کےلیے سب کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے قومی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک نہیں چل رہا، ملک کو چلانے کے لیے راستہ ڈھونڈنا ہوگا، حل تب نکلے گا جب سب اکٹھے بیٹھیں گے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسئلہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں، ملک کی رہائی کا مسئلہ ہے، حالات اتنے خراب ہیں لوگ خود ہی ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ سیاست دان، جوڈیشری، اسٹیبلشمنٹ سمیت سب کو بیٹھنا پڑے گا، ملک پر اشرافیہ کا قبضہ ہے، اس طرح ملک نہیں چلتے۔شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ملک کے معاملات درست ہوں گے تو معیشت چلے گی اور بانی کو بھی انصاف ملے گا، بیٹھ کر خرابیوں کو درست کر کے آگے بڑھنا ہوگا۔








