مریم نوازشریف

سیاست کٹھن اور مشکل عمل لیکن عوامی خدمت کا نام ، مریم نواز ،مری میں کارڈیالوجی سنٹر کا افتتاح

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے مری میں نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں بڑے اعلانات کیے۔ مریم نواز نے مری میں ہارٹ کے مریضوں کیلئے کارڈیک سرجری اوربائی پاس آپریشن شروع کرانے کا اعلان کیا ہے۔

مری میں پہلی صاف پانی سکیم لانے اور اربوں روپے سے مری کے تاریخی مال روڈ کی اپ گریڈیشن ،بانسرا گلی میں پی آئی اے پارک،کرشی پارک اور بائیو ڈائیوسٹی پارک بنانے ،راولپنڈی سے مری تک گلاس ٹرین، اے آر ٹی جلد چلانے کا اعلان کیاہے ۔ وزیراعلیٰ نے کوٹلی ستیاں میں 100بیڈز پر مشتمل ہسپتال بنانے ، سامبلی ہسپتال اور نواز شریف کارڈیالوجی سنٹرتک شٹل بسیں چلانے ،کوٹلی ستیا ں میں ڈویلپمنٹ اور ٹورازم کے منصوبے لانے اور مری میں جلد الیکٹرک بس پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کیاہے ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سیاست کبھی کبھی کٹھن اور مشکل عمل لگتا ہے لیکن اصل میں سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے ۔ مری ہمارا گھر ہے اور میں نے بچپن بھی یہی گزارا ہے ۔ مری کے عوام نواز شریف کو اور نواز شریف مری کی عوام کو چاہنے والے ہیں۔ نواز شریف کا ایک گھر لاہور میں ہے تو دوسرا گھر مری میں بھی ہے ۔ لاہور کی گلیوں کی طرح مری کی گلیوں کو بھی اچھی طرح جانتی ہوں۔گلیات میں ہارٹ کا ہسپتال نہیں تو خیبرپختونخوا میں ہارٹ کے مریض کو کیا سہولت دستیاب ہونگی۔وزیراعلیٰ کا حلف لینے کے بعد عہد کیا تھا کہ مری میں کارڈیالوجی ہسپتال بناؤں گی۔

الحمدللہ آج مری میں نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر نے 5مریضوں کا کامیاب علاج کیا ہے ۔ نواز شریف کارڈیک سنٹر میں دل کی ادویات کا سٹاک وافر مقدار میں موجود ہے ۔ مری اور گلیات کے لوگوں کو راولپنڈی جانے کی اب ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ مری کے عوام کو بڑے ہسپتالوں کے رش سے بچانے کیلئے بنیادی ہیلتھ یونٹ کو مریم نواز کلینک میں بدلا گیا ہے ۔

کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال پورے پنجاب کی طرح مری میں بھی کام کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں مری کیلئے الگ ٹورازم فورس بنائی ہے ۔ ٹورازم فورس سیاحت کو فروغ دے رہی ہے ، مستقبل میں لاکھوں لوگ مری کا رخ کریں گے ۔ محمد نواز شریف نے پہلے ہی مری شہر میں سڑکیں اور مری ایکسپریس وے بنوائی تھی۔ مری شہر کیلئے پی ایچ اے ، واسا اور ستھرا پنجاب کی ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ مری میں صفائی اور دیگر انتظامات دیکھ کر خیبرپختونخوا سے آنیوالے سیاح حیران ہوجاتے ہیں۔

مری کی عوام سے جو وعدے نہیں بھی کیے وہ بھی پورے کر رہے ہیں۔بھوربن میں بھی ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بن رہا ہے ۔ مری کو تحصیل بنانے کا اعلان کسی اور نے کیا اور ترقیاتی کام نواز شریف کی بیٹی کروا رہی ہے ۔ پچھلے دور حکومت میں مری سے درختوں کو کاٹنے ، لکڑی بیچنے اور رشوت لیکرکنکریٹ کا جنگل بنا دیا گیا تھا۔مری شہر میں غیر قانونی بلڈنگز کو ہماری حکومت نے گرا دیا ہے ۔

قبضہ مافیا کو مری شہر کی خوبصورتی کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ مریم نواز نے کہا کہ الیکٹرک بس کا سفرطلبہ، خواتین، بزرگوں اور سپیشل افراد کیلئے فری ہے ۔خواتین کیخلاف اگر کوئی جرم ہوگا تو مریم نوا زشریف چھوڑے گی نہیں۔ خواتین کیلئے ایک محفوظ پنجاب چھوڑ کر جانا چاہتی ہوں۔ بہت سے لوگوں نے جھوٹے اعلانات کیے ،اللہ کا شکر ہے شہباز شریف اور نواز شریف کی حکومت نے تمام وعدے نبھائے ہیں۔