شہباز گل

سیاست میں جیت کر بھی ہار جاتے ہیں اگر عوام کو وہ جیت قبول نہ ہو، شہباز گل

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سیاست میں جیت کر بھی ہار جاتے ہیں اگر عوام کو وہ جیت قبول نہ ہو۔ اتوار کو ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ تمام چوٹی کے قانونی ماہرین رات سے بتا چکے ہیں کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فل بینچ کا مطالبہ معاملے کو لمبا کرنے کی کوشش ہے تاکہ ضمیر خریدنے کی ایک نئی کوشش کی جائے، اب بینچ کو متنازعہ بنانا ہی واحد حل ہے جس کے لئے واٹس ایپ ٹولے کو صبح سے ہدایات جاری کر دی گئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاعی اور سیاسی دنیا کا فرق یہ ہے کہ دفاعی دنیا میں ٹریننگ ہے مار دو یا مر جا ہر صورت حدف حاصل کرو کیونکہ دشمن سے ہارنا آپشن نہیں، سیاسی دنیا میں لڑنا اپنوں سے ہوتا ہے دشمن سے نہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ یہاں مرنا مارنا نہیں بلکہ کون اپنوں کو بڑی تعداد میں قائل کرتا ہے، یہ آپکی قابلیت طے کرتا ہے اور لوگ قائل تب ہوتے ہیں جب آپ کا آپشن ملک کے لئے اور ان کے لئے بہترین ہو، کچھ بھی کر کے جیتنے کی اسٹرٹیجی دفاعی معاملات میں کام آئے گی۔ پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے مزید کہا کہ سیاست میں جیت کر بھی ہار جاتے ہیں آپ اگر عوام کو وہ جیت قبول نہ ہو، سب کچھ اب دوبارہ دیکھنا پڑے گا، غلطی ہو گئی ہے، اسے درست کرنا پڑے گا۔