جعفر بن یار
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سیاستدانوں کی طرف سے چارٹر آف اکانومی کی خواہش کے اظہار کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے لاہور چیمبر کی انتھک کوششوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ سیاستدانوں کی جانب سے چارٹر آف اکانومی کے لیے لاہور چیمبر کی تجویز کو سنجیدگی سے لینا خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لاہور چیمبر کا دیرینہ مطالبہ ہے اور اس حوالے سے انہوں نے سینیٹ آف پاکستان سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائی کہ سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر قومی معیشت کی بحالی کے لیے چارٹر آف اکانومی پر دستخط کریں۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بھی ایک چارٹر آف اکانومی مرتب کرکے سیاسی جماعتوں کے ساتھ شیئر کیاہے، لاہور چیمبر اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیا رہے۔ انہوں نے کہا کہ چارٹر آف اکانومی ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانی ، سرمایہ کاروں کے لیے دوستانہ قواعد وضوابط کا قیام، انفراسٹرکچر کی ترقی اور ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینا چارٹر آف اکانومی کا اہم حصہ ہونا چاہئیں، اس سے معیشت کے تمام شعبوں کو ترقی ملے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات بالائے طاق کر چارٹر آف اکانومی پر دستخط کریں گی تاکہ ملک پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔