لاہور(رپورٹنگ آن لائن)امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے گیس کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال کے آغاز میں ہی گیس کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا پہاڑ گرایا گیا ہے،گیس کی قیمت میں اضافے سے عوام پر 300 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا،اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمت میں74 فیصد اضافے کی منظوری سے غریب آدمی کی زندگی اجیرن ہوجائے گی،عوام پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں زندہ درگور ہو چکے ہیں۔
حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے،ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، سیاستدان ایک دوسرے پر کیچڑ اُچھالنے میں مصروف ہیں۔موجودہ حالات میں قوم کا مہنگائی برداشت کرنے کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، حکمرانوں نے اتنے جھوٹ بولے ہیں کہ اب عوام ان پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔
حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ گزشتہ سال بھی پی ڈی ایم کے حکمرانوںنے عوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں لی،سیاست، ریاست اور حکومت کا باہم ٹکرائو عوام کیلئے ناقابل برداشت مشکلات پیدا کررہا ہے۔افراط زر، پیداوری لاگت، مہنگائی، بے روزگاری بے قابوہوگئی ہے۔ تجارت، صنعت اور زراعت کا پہیہ جام ہوتا چلا جارہا ہے۔کرپٹ مافیا کو مصنوعی مظلوم بنایا جارہا ہے۔ غریب کا درد رکھنے والے لوگ آئیں گے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
٭٭٭٭