لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے کہا ہے کہ سیاحت کو فروغ دینا موجودہ حکومت کا ویژن اور مشن ہے، سیاحت روح کی آکسیجن ہے، سیاحت کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان میں ٹوارزم کا بہت پوٹینشل موجود ہے، ترقی کیلئے خواتین کو پروفیشنل ہونا پڑے گا، پاکستان کے مستقبل میں خواتین کی بنیادی اہمیت ہے۔
حسان خاور نے گلبرگ گرلز کالج میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سیاحت کے لحاظ سے یونیک صوبہ ہے، سیاحت کے اعتبار سے پاکستان دیگر ممالک میں ممتاز مقام رکھتا ہے۔حسان خاور نے کہا کہ منفرد خاصیت ہونے کے باوجود بدقسمتی سے ہم سیاحت کے شعبہ میں دنیا سے پیچھے ہیں، تحریک انصاف حکومت سیاحت پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ٹی ڈی سی پی کوالٹی کا سمبل سمجھا جاتا تھا، تحریک انصاف حکومت ٹی ڈی سی پی کا معیار اور اعتماد بحال کرنے کیلئے نئی پالیسیاں متعارف کروا رہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ ہم سیاحت کو پروموٹ کرنے کیلئے نجی سیکٹر کو بھی شامل کر رہے ہیں، انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینا موجودہ حکومت کا ویژن اور مشن ہے، مری میں ہونے والی غلطیوں کو دور کرنے کیلئے لائح عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہوٹلوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی بھی بنائی جا رہی ہے، سیاحتی مقامات سے نقائص دور کر کے تمام مقامات کو محفوظ بنائیں گے، آنے والی نسلوں کو محفوظ سیاحت کے مواقع دیں گے۔