اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نامزد کردہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف وفاقی وزراء اور مخصوص ٹولے کے پروپیگنڈا اور کردار کشی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا سہیل آفریدی مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے ایک ایم فل سکالر ہیں ، جنہوں نے پشاور یونیورسٹی جیسے ممتاز تعلیمی ادارے سے تعلیم حاصل کی ہے ۔وہ ملکی سیاست میں کوئی نومولود نہیں بلکہ انہوں نے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن سے اپنی عملی سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا اور بلدیاتی انتخابات سے انتخابی سیاست میں قدم رکھا۔
انہوں نے بطور صوبائی وزیر بھی ذمہ داریاں نبھائیں اور حکومتی امور کو قریب سے دیکھا ہے ۔ پارٹی کی سینئر قیادت کی رہنمائی اور تعاون انہیں ہمیشہ حاصل رہے گا۔جعلی فارم 47 حکومت کے ہر اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور عمران خان کے نامزد کردہ وزیرِاعلیٰ کو منتخب کروائیں گے ۔