کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے سہراب گوٹھ ٹاؤن کے ریٹائرڈ ڈائریکٹر ایڈمن کی پنشن و واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں سہراب گوٹھ ٹاؤن کے ریٹائرڈ ڈائریکٹر ایڈمن کی پنشن و واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ درخواستگزار ملک غلام محمد 27 برس کی سروس کے بعد اگست 2024 میں ریٹائر ہوئے۔ محکمہ بلدیات کی ہدایت کے باوجود سہراب گوٹھ ٹان واجبات ادا نہیں کررہے۔
انتظامی بدانتظامی کی نشاندہی پر انتقامی کارروائی کرتے ہوئے چیئرمین ٹی ایم سی نے 8 ماہ کی تنخواہ روکی ہے۔ چیئرمین ٹی ایم سی لالہ رحیم نے درخواستگزار کا دفتر میں داخلہ بھی بند کردیا تھا۔ درخواستگزار کو جعلی ریکارڈ بناکر غیر حاضری کی بنیاد پر نوکری کی برطرفی کا نوٹیفکیشن نکالا گیا۔ ٹان انتظامیہ کو گریڈ 16 کے افسر کی برطرفی کا اختیار نہیں ہے۔ درخواستگزار کو پینشن اور ریٹائرمنٹ واجبات ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔









