کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائیوں پر اظہار اطمینان کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ لورالائی اور کیچ میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں خوش آئند ہیں، بلوچستان میں امن دشمن عناصر کا انجام قریب ہے، لورالائی آپریشن ریاستی رٹ کی بحالی کی واضح علامت ہے، کیچ میں دہشتگردوں کی سرکوبی سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔
میر سرفراز احمد بگٹی نے کہاکہ بلوچستان میں امن کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کو بخشا نہیں جائے گا، قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دشمن مایوسی کا شکار ہے، حکومت بلوچستان دشمن عناصر کے خلاف ہر محاذ پر ڈٹی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز نے لورالائی اور کیچ میں بروقت کارروائیاں کرکے امن دشمنوں کو ناکام بنایا، ریاستی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے، امن و استحکام ہمارا ہدف ہے۔