سعودی وزیر داخلہ

سکیورٹی سروسز کو جرائم کے نئے طریقوں کے چیلنجز کا سامنا ہے، سعودی وزیر داخلہ

دوحہ (رپورٹنگ آن لائن )قطر کی میزبانی میں منعقد خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے وزرائے داخلہ کے 41 ویں اجلاس کے دوران سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے خلیجی ممالک کی سلامتی کے حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے ان ملکوں کے درمیان رابطے، ہم آہنگی اور انضمام کو بڑھانے کے مضبوط موقف کو پیش کیا۔ انہوں نے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کی خوشحالی کو برقرار رکھنے ان کی صلاحیتوں اور ان کی ترقی کے تحفظ پر بھی زور دیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات ریاست قطر میں خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے وزرائے داخلہ کے اجلاس کے دوران سامنے آئی۔ اسی دوران سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے مزید کہا کہ سیکیورٹی خدمات کو ابھرتے ہوئے جرائم کے ماڈلر کا سامنا ہے۔ خاص طور پر ٹیکنالوجی کے غلط استعمال، سمگلنگ کے طریقوں کی ترقی اور سرحد پار سے منظم جرائم کی متعدد اقسام کا ظہور ہو رہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے سمگلنگ اور ہتھیاروں کی تیاری کے نئے چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے ان جرائم پر قابو پانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اس حقیقت کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی کہ یہ اجلاس اور اس سے حاصل ہونے والے نتائج خلیجی سلامتی کے مشترکہ کام کو تقویت دیں گے۔ یہ اجلاس سکیورٹی سروسز کو درپیش چیلنجوں سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔