اعجاز شاہ

سکھ ہمارے بھائی ہیں ،ہمیں تاریخ میں نہیں جانا چاہئے کہ کیا ہوا اور کیا نہیں، اعجاز شاہ

ننکانہ صاحب (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اعجاز شاہ سکھ ہمارے بھائی ہیں ،ہمیں تاریخ میں نہیں جانا چاہئے کہ کیا ہوا اور کیا نہیں، تاریخ میں اگر آپ نے کچھ کردیا تو پھر آپ کو ساری عمر بھگتنا پڑتا ہے آپ یہ بھگت رہے ہیں، اﷲ سے دعا ہے کہ آپ کی یہ سزا کم ہو، بیرون ممالک سے آنے والے سکھ یاتریوں کو کسی بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تو وہ ڈی سی ننکانہ صاحب تک ضرور پہنچائیں ہماری کوشش ہوگی کہ اگلے سال آپ کو ان پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پرے۔

وفاقی وزیر اعجاز شاہ نے بابا گرونانک کے جنم دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاملات مزید بہتر ہونگے ہمیں پتہ کہ بیرون ممالک میں رہنے والی سکھ برادری بہت امیر ہے کچھ لوگ بیرون ملک چلے گئے جو نہیں گئے ان کو بھارت نے نکال دیا۔ ہم ایسا بالکل نہیں چاہتے ہم آپ کو وہ تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ جب آپ دوبارہ آئیں گے تو آپ کو پہلے سے زیادہ بہتر صورتحال نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ میری پیدائش ہی اس علاقے میں ہوئی ہے‘ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس علاقے میں ترقی ہورہی ہے۔ ہم بابا گرونانک یونیورسٹی بنا رہے ہیں۔ 2020میں اس پر کام شروع ہوا ساٹھ ارب روپے کا یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا۔ جب بابا گرونانک یونیورسٹی مکمل ہوجائے گی تو ہماری کوشش ہوگی کہ اس یونیورسٹی میں سکھ مذہب کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔

اگر دنیا بھر سے کسی بھی سکھ کو سکھ مذہب کے حوالے سے کوئی مسئلہ پوچھنا ہو تو وہ یہاں رجوع کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اقلیتوں کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی واقعات اچھے برے ہوتے ہیں لیکن اس پر حکومت کا ردعمل کیا ہے وہ واضح کرتا ہے کہ ہم اپنی اقلیتوں کو کیسے تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ دنیا سمیت ملک بھر سے آنے والے سکھ یاتریوںکو بابا گرونانک کے جم دن کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔