مراد سعید

سکھر۔حیدرآباد موٹر وے پر پبلک پرائیویٹ شراکت داری سے تین ماہ میں کام شروع ہوجائے گا، مراد سعید

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سکھر۔حیدرآباد موٹر وے پر پبلک پرائیویٹ شراکت داری سے تین ماہ میں کام شروع ہوجائے گا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ریونیو میں 105 فیصد اضافہ ہواہے ، ماضی کے مقابلے میں این ایچ اے کے منصوبے اپنے وسائل سے مکمل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں لودھراں تا ملتان شاہراہ کی اپ گریڈیشن و بحالی کے منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھ رہا ہے، سرمایہ کاری آ رہی ہے، کورونا سے جس طرح نمٹے ہیں اس کی دنیا معترف ہیں۔ این ایچ اے نے اپنے ریونیو میں 105 فیصد اضافہ کیا ہے، 72 ارب ریونیو بڑھا ہے۔ این ایچ اے اپنے پیسوں سے سڑکیں بنا رہا ہے۔ غربت کے خاتمہ اور روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں، ملک میں ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مغربی روٹ سے پسماندہ علاقوں میں اقتصادی سرگرمیوں، سیاحت کا پیش خیمہ ہوگا۔ 1753 کلومیٹر ہم نے سڑکیں مکمل کیں۔ 6 موٹروے اور 16منصوبوں کی منصوبہ بندی کی ہے اور 6 ہزار 118 کلومیٹر ہمارے دور میں مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اداروں کی طرح این ایچ اے بھی اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ سوات موٹر وے کا فیز ون مکمل ہو چکاہے اور اس کے دوسرے روٹ پر بھی کام شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ۔کھاریاں موٹر وے کا افتتاح بہت جلد ہو رہا ہے۔