سندھ ہائیکورٹ

سڑک پر پارکنگ کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے ؟ ہائیکورٹ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے نجی ڈپارٹمنٹل اسٹور کی مختلف برانچز سے چارجڈ پارکنگ کی وصولی کے تنازع پر بھی سماعت کی۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے سڑک پر پارکنگ کی اجازت دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ حکومت کو قانون کے تحت کام کرنا ہوگا، یہ کیسے ممکن ہے کہ سڑکوں کو پارکنگ کے لیے الاٹ کیا جائے ؟ ۔عدالت نے کہا کہ کوئی بھی عدالتی حکم آتے ہی حکومت یہ شور مچاتی ہے کہ کام میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے ،یہ رجحان اب ختم ہونا چاہیے ۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ کے ایم سی نے راشد منہاس روڈ پر پارکنگ کی اجازت دی تھی اور ادائیگیاں بھی کی جارہی ہیں، تاہم گلشن اقبال ٹاؤن سمیت دیگر ٹاؤنز بھی پارکنگ فیس کے نوٹسز بھیج رہے ہیں۔ عدالت نے درخواست گزار کو کیس واپس لینے کے لیے مہلت دے دی۔دریں اثناسندھ ہائیکورٹ میں صدر کی مخدوش عمارت کی دکانیں سیل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے فوری سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے ایس بی سی اے سے جواب طلب کرلیا اور کارروائی 10 اکتوبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے استفسار کیا کہ جب عمارت خطرناک ہے تو فلیٹس کو خالی کیوں نہیں کرایا گیا؟ ۔ عدالت نے ادارے کو آئندہ سماعت تک تفصیلی جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی۔