اعظیم نذیر تارڑ

سپیکر کے اختیارات لامحدود، کرسیاں مارنا اور مائیک اکھاڑنا احتجاج نہیں’وفاقی وزیر قانون

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر قانون اعظیم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سپیکر کے اختیارات لامحدود ہیں، سپیکر ہاس کے سربراہ ہیں، کرسیاں مارنا اور مائیک اکھاڑنا احتجاج نہیں،سپیکر جمہوری روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے گھر کے بڑے سربراہ کی طرح بہتر راستہ ہی نکالیں گے۔

پنجاب اسمبلی میں 26اراکین کی معطلی پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سپیکر کے پاس وہی اختیارات ہیں جو گھر کے بڑے کے پاس ہوتے ہیں، اگر آپ اس حلف کی پامالی کرتے ہیں تو سپیکر کے پاس اختیارات ہیں کہ کسی بھی ممبر کو معطل کر سکیں۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سپیکر درمیان میں بٹھایا جاتا ہے کہ اسے غیر جانبدار ہونا چاہئے، احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن کرسیاں مارنا اور مائیک اکھاڑنا احتجاج نہیں، سپیکر جمہوری روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے گھر کے بڑے سربراہ کی طرح بہتر راستہ ہی نکالیں گے۔

سول سروسز اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سول سروسز اکیڈمی نے قوم کے معمار اورخدمت گزار پیدا کرنے ہیں، اکیڈمی وہ درسگاہ ہے جس سے خدمت کا نور پھیلنا چاہئے، پاکستان کو آج زخموں پر مرہم رکھنے والوں کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو نفرتیں نہیں، محبتیں بانٹنے والوں کی ضرورت ہے، آج پاکستان کو حکم نہیں، گزارش کرنے والوں کی ضرورت ہے، آئین ہمارے ذہنوں اور دلوں میں بسے گا تو اس گاڑی کو آگے لے کر چلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقی کرتا پاکستان دیکھنا ہے، ہمیں اپنے سسٹم درست کرنے ہیں، حکومت آئین پاکستان کے فریم ورک کے تحت کام کرتی ہے، ہمیں معاشرے کی تعمیر کیلئے بھی سوچنا ہے، پاکستان خوبصورت گلدستہ ہے یہ محبتوں کا گہوارہ ہونا چاہئے۔