ملک محمد احمد خاں 24

سپیکر ملک احمد خاں سے چینی قونصل جنرل سن یان کی ملاقات، پاک چین تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے چین کے نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل سن یان (Mr. Sun Yan) نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے قونصل جنرل سن یان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک منصوبوں اور مختلف نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاک چین دوستی اعتماد، محبت اور باہمی احترام پر مبنی لازوال رشتہ ہے اور چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے جبکہ چین پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں ایک سچے اور مخلص دوست کا کردار ادا کر رہا ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاک چین معاشی تعلقات کو نئی جہتیں دی جا رہی ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبہ پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں اور یہ دونوں ممالک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جس کے باعث پاکستان کو خطے اور عالمی سطح پر ایک نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے تعلیمی شعبے میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط بھی مضبوط ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر چینی قونصل جنرل سن یان نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، خصوصاً تجارتی اور تعلیمی روابط کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ ملاقات میں ممبر پنجاب اسمبلی رانا ارشد، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی اور ڈائریکٹر میڈیا راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں