سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی کی مسیحی برادری کو مبارکباد, ان کا ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار قابل تحسین ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حضرت عیسیٰ برگزیدہ پیغمبر ہیں، ان کا یوم پیدائش ہم سب کے لئے باعث سعادت و مسرت ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت عیسٰی نے امن، رواداری، اخوت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے ملک کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری نے تمام شعبہ زندگی خصوصا ًتعلیم اور صحت میں گراں قدر خدمات پیش کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کے متنوع معاشرے کا اہم حصہ ہے اور ملک کی ترقی میں ان کا کردار قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار ہمیں اتحاد، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے جو کہ معاشرے کی ترقی اور استحکام کے لئے ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حضرت عیسیٰ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے سکتے ہیں۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آئین پاکستان بلا امتیاز رنگ، نسل اور مذہب تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے اور انہیں اپنے عقائد اور رسومات کے مطابق زندگی بسر کرنے کی آزادی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان موثر قانون سازی کے ذریعے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفی شاہ نے بھی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے مؤثر قانون سازی کرنے کے لئے پختہ عزم رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہری ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے قابل ستائش کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ان کے رسم و رواج اور عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔