سردار ایاز صادق 55

سپیکر قومی اسمبلی کی زیرِ صدارت اجلاس ،پارلیمنٹ ہاؤس میں پانی اور فوڈ سکیورٹی کے مسائل پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پانی اور فوڈ سکیورٹی جیسے قومی مسائل پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکینِ قومی اسمبلی، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید اور وزارتِ آبی وسائل کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ پانی کی قلت ایک سنگین قومی مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو موثر اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس اہم موضوع کی حساسیت کے پیشِ نظر اجلاس میں اپوزیشن اراکینِ اسمبلی کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے تاکہ مشترکہ مشاورت کے ذریعے قومی سطح پر جامع حکمتِ عملی تشکیل دی جاسکے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے آبی وسائل کے تحفظ اور فوڈ سکیورٹی کے مسائل کا حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم قومی مسئلے کے حل کیلئے قومی یکجہتی اور اجتماعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی مسائل کا حل سب کے مل بیٹھ کر مشترکہ فیصلے کرنے میں مضمر ہے۔

اجلاس کے دوران چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے ملک کو درپیش آبی چیلنجز، پانی کے ذخائر، جاری منصوبوں اور مستقبل کی ضروریات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔سپیکر قومی اسمبلی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پانی کے مسائل سے متعلق حکومتی و پارلیمانی سطح پر موثر اور قابلِ عمل سفارشات جلد از جلد مرتب کی جائیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے بروقت نمٹا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں