سردار ایاز صادق 16

سپیکر قومی اسمبلی کی بنگلہ دیش کے نو منتخب سپیکر کو مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیش کے نو منتخب سپیکر میجر ریٹائرڈ حفیظ الدین احمد کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ جمعرات کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے نو منتخب سپیکر میجر ریٹائرڈ حفیظ الدین احمد کو پارلیمنٹ کا متفقہ سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ میجر ریٹائرڈ حفیظ الدین احمد کا متفقہ طور پر سپیکر منتخب ہونا ارکان پارلیمنٹ کا ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے،پارلیمنٹ کسی بھی جمہوری نظام کا بنیادی ستون اور عوام کی نمائندگی کا اہم ترین ادارہ ہے، پارلیمان کو چلانے میں سپیکر کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔عوام کی فلاح و بہبود کیلئے موثر قانون سازی اور ملک کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ کا اہم کردار ہوتا ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہب اور روایات کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کی نئی قیادت دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیشی سپیکر کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی اور کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین پارلیمانی رابطوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔سپیکر قومی اسمبلی نے بنگلہ دیشی سپیکر کی کامیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں