سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سے تاجکستان پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر عزیز گیوزودا کی ملاقات

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بدھ کو تاجکستان پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر عزیز گیوزودا نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور مختلف شعبوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے بھائی چارے کی مضبوط بنیاد ہیں۔

پاکستان تاجکستان کو ایک قریبی اور برادر اسلامی ملک سمجھتا ہے۔پارلیمانی رابطوں کو مزید مستحکم بنا کر باہمی اعتماد اور تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے تاجکستان کے ساتھ ثقافتی، تعلیمی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان تاجکستان کا دوسرا گھر ہے،تاجکستان نے طویل جنگ کا سامنا کیا ہے ،ہمارا ہدف علاقائی استحکام تعاون کو فروغ دینا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔ ڈپٹی سپیکر تاجکستان نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان مشترکہ مذہب، روایت اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے گلگت بلتستان، ہنزہ اور چترال کی ثقافت تاجکستان سے گہری مماثلت رکھتی ہے ۔امن، تحفظ اور ترقی ہم سب کا مشترکہ مقصد ہے۔ملاقات میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ بھی شریک تھے۔