اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نینیشنل پریس کلب کی نو منتخب قیادت کو مبارکباد دی ہے۔ میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق سپیکر نے کہا کہ ڈیموکریٹ پینل کے صدر عبدالرزاق سیال ،سیکرٹری فرقان راؤ اور دیگر کامیاب امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نیشنل پریس کلب ملک میں آزادی اظہار اور خودمختار صحافت کا مضبوط قلعہ ہے،امید ہے نئی قیادت صحافیوں کو درپیش چیلنجز کا جرات اور عزم سے مقابلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صحافی برادری کے جائز حقوق اور مؤقف کی حمایت جاری رکھے گی، آزاد اور ذمہ دار صحافت کا فروغ قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آزادی صحافت کے لیے پارلیمنٹ ہمیشہ صحافی برادری کے ساتھ کھڑی رہے گی،پارلیمنٹ نے صحافیوں کے حقوق ،حفاظت اور سیفٹی کیلیے بھی متفقہ قانون سازی کی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے،امید ہے نو منتخب قیادت صحافتی برادری کے اعتماد پر پورا اترے گی۔









