سردار ایاز صادق 59

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مسیحی برادری کو ایسٹر کے موقع پر مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے مسیحی برادری کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں رہنے والی پوری مسیحی برادری کو ایسٹر کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔سپیکر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ایسٹر محبت، امید اور امن کا عالمگیر پیغام دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والی مسیحی برادری ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ایاز صادق نے زور دیا کہ مذہبی تہوار باہمی ہم آہنگی، باہمی احترام اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسٹر قربانی، معافی اور انسانیت کی خدمت کی اقدار سکھاتی ہے اور یہ کہ تمام مذاہب امن، رواداری اور بقائے باہم کی تلقین کرتے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ آئینی اور قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے دوبارہ یقین دلایا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ تمام شہریوں کو برابر کے حقوق اور مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔قائدِ اعظم کے ویژن کا حوالہ دیتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں مکمل مذہبی آزادی سے لطف اندوز ہوتی ہیں اور قوم کا لازمی حصہ ہیں۔انہوں نے تاکید کی کہ قومی اتحاد، ہم آہنگی اور باہمی احترام پائیدار ترقی اور خوشحالی کے حصول کے لیے ضروری ہیں۔

سردار ایاز صادق نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ محبت، یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے سب سے مطالبہ کیا کہ سب مل کر ایک پرامن، خوشحال اور جامع معاشرے کی تعمیر کے لیے کوشش کریں۔سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور پوری دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں