اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے علاقہ کیچ میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ جمعرات کو اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں اور شجاعت پر فخر کرتی ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، سکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان کے خلاف بھرپور کارروائیاں ملکی سلامتی کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پارلیمنٹ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کے حوصلے اور عزم کو سراہتی ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کیچ میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کرنے پر فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے قومی اتحاد ناگزیر ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور عزم و استقلال کے ساتھ جاری رہے گی۔