اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے ضلع قلات میں 12 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں قابل ستائش ہیں،قوم اپنی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور عزمِ صمیم پر فخر کرتی ہے۔
اتوار کو یہاں جاری بیان میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بیرونی سازش کے ذریعے ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پوری قوم متحد ہے، قومی ایکشن پلان کے تحت سکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں ملکی استحکام کی ضمانت ہیں، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں حصہ لینے والے جوانوں کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کی بیخ کنی کیلئے سکیورٹی فورسز کی جاری کارروائیاں قابل تعریف ہیں۔









