سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ڈیرہ اسماعیل خان میں لیویز کی گاڑی پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی مذمت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ڈیرہ اسماعیل خان میں لیویز کی گاڑی پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امن کے قیام کی خاطر سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،خوارجی دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔

پیر کو اپنے بیان میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے4 لیویز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہید ہونے والے لیویز اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں، ملک کے امن کو سبوتاڑ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، ایسے شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔