عطا اللہ تارڑ

سپورٹس جرنلسٹس دنیا بھر میں سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں، عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہاہے کہ سپورٹس جرنلسٹس دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں، ارشد ندیم نے پاکستان کا نام روشن کیا ، سپورٹس جرنلسٹس نے کھیلوں کو زندہ رکھاہوا ہے، حکومت سپورٹس جرنلسٹس کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے زیر اہتمام سرینا ہوٹل کے تعاون سے منعقدہ ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے اور رسجا حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ تقریب میں سی ای او سرینہ ہوٹل عزیز بولانی، اولمپین شہباز سینئر، اولمپین صدف صدیقی، باکسر عثمان وزیر، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کی سیکرٹری نیئر علی، سیکرٹری فنانس وقار عباسی، عالیہ رشید سمیت مختلف کھیلوں، صحافتی تنظیموں کے عہدداران نے بھی شرکت کی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کھیلوں کے صحافی کئی کھلاڑیوں کی امید کا باعث ہیں، ان کے باعث کئی کھلاڑی بین الاقوامی سطح تک پہنچے، اگر سپورٹس جرنلسٹس نہ ہوتے تو کھیلوں کے مقابلوں میں دلچسپی نہ رہتی، کھیلوں کے فروغ کیلئے کھیلوں کے صحافیوں کا کردار قابل ستائش ہے، مختلف کھیلوں کے مقابلوں کو اجاگر کرنے میں سپورٹس جرنلزم نے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا جس دے سپورٹس مین سپرٹ کو بھی فروغ ملتا ہے، کھلاڑیوں میں موجودہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں بھی سپورٹس جرنلزم کا بہت بڑا ہاتھ ہے، پاکستان میں سپورٹس جرنلزم سے وابستہ افراد کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان نے عالمی مقابلوں میں جو نام بنایا اس میں کھیلوں کے صحافیوں کا اہم کردار تھا، سپورٹس جرنلسٹس کو کھیلوں کے فروغ کے لیے اور کوریج کے لیے حکومت سے جو بھی تعاون درکار ہوگا ہم وہ فراہم کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم ایک قدم آگے بڑھ کر سپورٹس جرنلسٹس کا ساتھ دیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوے سی ای او سرینہ ہوٹل عزیز بولانی نے کہاکہ ہم کھیلوں کو سپورٹ کرتے ہیں، پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹڈ کھلاڑی موجود ہیں، ہمیں ان کھلاڑیوں کا ہاتھ تھامنے کی ضرورت ہے کیونکہ انہوں نے آگے جا کر ملک کا نام بلند کرنا ہے۔ تقریب کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدداران سے حلف بھی لیا۔