اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ موخر کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری دئیے جبکہ سماعت 14 فروری تک کیلئے ملتوی کر دی ۔سپریم کورٹ میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس عائشہ ملک نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات دوسرے مرحلے میں کرانے کے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کےخلاف درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے وکیل اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہو ئے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے ہیں۔فیصلے سے قبل وکیل الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پشاورہائیکورٹ ایبٹ آباد بنچ نےالیکشن کمیشن کو نہیں سنا، عدالت نے ہمیں سنےبغیر بلدیاتی انتخابات کاشیڈول موخرکیا۔وکیل الیکشن کمیشن نے آگاہ کیا کہ یکم فروری کی سماعت کا نوٹس 2 فروری کوموصول ہوا،نوٹس ملنےتک پشاورہائیکورٹ بلدیاتی انتخابات موخر کرچکی تھی، پانچ اضلاع کے شیڈول مو¿خر کرنےکی درخواست پر 18اضلاع کا الیکشن موخر کیا گیا۔اس موقع پر وکیل شکایت کنندگان نے عدالت کو بتایا کہ موسمی حالات کے پیش نظر 27 مارچ کو انتخابات نہیں ہو سکتے۔
بینچ میں شامل جسٹس عائشہ ملک نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہائیکورٹ کو فیصلے سے پہلےالیکشن کمیشن کا موقف سنناچاہیے تھا جبکہ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تصدیق نہیں ہوئی کہ موسمی حالات الیکشن میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو الیکشن کمیشن نے دیکھنا تھا عدالت نے نہیں ، ہائیکورٹ کو فیصلہ دینے کی اتنی جلدی کیا تھی؟ بعد ازاں سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت 14 فروری تک ملتوی کردی گئی۔۔
واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ رمضان کے بعد مقرر کرنے کا حکم دیا تھا اور الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔