اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) سپریم کورٹ نے وزارت قانون سے احتساب عدالتوں کے قیام سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے سیکرٹری قانون کو رپورٹ کے ہمراہ ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے وزارت قانون سے احتساب عدالتوں کے قیام سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ سپریم کورٹ نے رپورٹ جعلی بینک اکانٹس کیس کے ملزم طحہ رضا کی درخواست ضمانت میں طلب کی ہے۔
وکیل ملزم نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر احتساب عدالت سے رپورٹ آ چکی ہے، 35 ریفرنسز میں سے ہمارے ریفرنس کا نمبر 24 ہے،ملزم دو سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہے۔ کیس میں دستاویزات کے 72 والیمز ہیں۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر نیب عمران الحق نے کہا کہ وزارت قانون نے اسلام آباد میں تین احتساب عدالتوں کے قیام کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے، ججز تعیناتی کے بعد جلد سماعتوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔
جسٹس مشیر عالم نے کہا وزارت قانون سے نئے ججز اور اسٹاف بارے رپورٹ منگوا لیتے ہیں، عدالت نے سیکرٹری قانون کو رپورٹ کے ہمراہ ذاتی حثیت میں پیش ہونے کا حکم دے کرکیس کی مزید سماعت 10 روز کیلئے ملتوی کردی۔