اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ کی ضمانت کیلئے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ۔
خورشید شاہ ہارڈشپ اور ٹرائل میں تاخیر کی بنیاد پر سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرینگے۔ عدالت عظمی نے قرار دیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر ایک ماہ میں فیصلہ کرے۔دوران سماعت تفتیشی آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش مکمل ہوچکی ہے خورشید شاہ کیخلاف ضمنی ریفرنس جلد دائر ہوجائے گا۔ دوران سماعت جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیے کہ نیب کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا، ضمنی ریفرنس کا مطلب ہے فرد جرم دوبارہ عائد ہوگی،فرد جرم دوبارہ عائد ہوئی تو ازسرنو ٹرائل ہوگا۔
دوران سماعت معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خورشید شاہ کے بیٹے فرخ شاہ کے وکیل فاروق ایچ نائیک کو فوڈ پوائزنگ ہوگئی ہے، طبیعت ناساز ہونے کے باعث فاروق ایچ نائیک نے درخواست کی ہے کہ ان کے موکل فرخ شاہ کا کیس بھی دیگر مقدمات کے ساتھ ہی سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔
اس دوران جسٹس مشیر عالم نے معاون وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ خورشید شاہ کے بیٹے کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر سماعت آئندہ پیر تک ملتوی کر رہے ہیں،اگر فاروق ایچ نائیک صاحب آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں تو ٹھیک ورنہ آپ نیا وکیل کریں۔ عدالت عظمی نے خورشید شاہ کے بیٹے فرخ شاہ کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر سماعت آئندہ پیر تک ملتوی کر دی۔