اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان میں خصوصی اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کردی گئی اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہاٹ لائن پر سپریم کورٹ سے متعلق کسی بھی کام کے سلسلے میں رشوت طلب کرنے پر شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق شکایات کنندہ وٹس ایپ نمبر 03264442444 اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں، سپریم کورٹ میں فوری انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔عدالت عظمیٰ میں گزشتہ 5 ماہ کے دوران 7 ہزار 633 نئے مقدمات کا اندراج ہوا، جب کہ 11 ہزار 779 مقدمات نمٹائے گئے، نئے ججز کے آنے کے بعد مقدمات کے فیصلوں میں مزید تیزی آئے گی۔
اعلامیہ کے مطابق جو مقدمات سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں، انہیں جلد میرٹ پر نمٹایا جائے گا، کوئی سرکاری یا غیر سرکاری شخص مقدمہ مقرر کرنے، نقل کے حصول یا عدالت سے متعلقہ کسی کام پر رشوت طلب کرنے پر اطلاع دے سکتا ہے۔سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اطلاع دینے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا۔