سپریم کورٹ

سپریم کورٹ، بینچوں کی تشکیل میں شفافیت لانے کی ضرورت’رپورٹ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ میں ہائی پروفائل کیسز میں بینچوں کی تشکیل مارچ 2009 سے زیربحث رہی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق 26 ویں ترمیم کی منظوری کے باوجود ہم خیال بینچ کی اصطلاح اب بھی مستعمل ہے جبکہ آئینی بینچوں کے لیے ججوں کی نامزدگی جوڈیشل کمیشن کر رہا ہے۔ 6 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود آئینی بینچوں کے لیے ججوں کی نامزدگی کا کوئی معیار وضع نہیں کیا گیا۔ اس وقت تمام صوبوں سے 15جج آئینی بینچ میں موجود ہیں لیکن وہ جج جو انتظامیہ کی گڈ بک میں نہیں انھیں اس میں شامل نہیں کیا گیا۔

سپریم کورٹ میں بینچوں کی تشکیل میں شفافیت لانے کی ضرورت ہے ورنہ عدلیہ پر سوالات اٹھیں گے۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل کمیٹی آئینی بنچوں کے لیے ججوں کا انتخاب کرتی ہے تاہم ہائی پروفائل کیسز میں ہم خیال بنچوں کی تشکیل کمیٹی کے طرز عمل پرسوالیہ نشان ہے۔کمیٹی نے ملٹری کورٹس کیس میں جسٹس شاہد وحید کو آئینی بنچ کے لیے نامزد نہیں کیا۔

اسی طرح کمیٹی نے سپر ٹیکس کیس میں ٹیکس کے معاملات میں مہارت رکھنے والے ججوں کو نامزد نہیں کیا۔اب کمیٹی کو مخصوص سیٹوں کے معاملے میں 12 جولائی کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی نظرثانی درخواستوں کی سماعت کرنے والے بنچ کی تشکیل میں پانچ ججوں کو نہ بٹھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔گزشتہ روز کیس کی سماعت کے دوران سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی نے بینچ کی تشکیل کو چیلنج کیا۔

منگل کی سماعت کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کہ بینچ بظاہر تقسیم تھا۔جسٹس امین الدین خان بنچ کی تشکیل کو چیلنج کرنے والی درخواست جمع کرانے کے لیے وکیل کو وقت دینے سے گریزاں تھے۔ تاہم جسٹس جمال خان مندوخیل نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ وکیل کو اعتراضات اٹھانے کا مناسب موقع دیا جائے۔ ان کی مداخلت کے بعد بنچ نے معاملہ پیر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔