اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کے وکلا نے انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن فور بی پر دلائل مکمل کرلیے، کمپنیز کے وکیل مخدوم علی خان جمعرات کو جواب الجواب کا آغاز کریں گے۔
سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ نے سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے مخدوم علی خان سے استفسار کیا کہ آپ فور بی پر جواب الجواب دینا چاہیں گے، مخدوم علی خان نے کہا کہ وکلا کے دلائل پڑھ کر جواب الجواب دوں گا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمٰن نے کہا کہ فور بی کے حوالے سے 3 ججمنٹس عدالت کے علم میں لانا چاہتا ہوں، ان تمام فیصلوں میں موجود ہے کہ کسی خاص مقصد کے لیے ایڈیشنل ٹیکس لگ سکتا ہے۔جسٹس امین الدین خان نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ آپ تحریری شکل میں دلائل جمع کروا دیں، کیس کی سماعت 22 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔