لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہورایئرپورٹ سے قبضے میں لیا گیا سونا پگھلانے کا معاملہ، ہائیکورٹ نے کسٹمز حکام کے جواب پر عدم اطمینا ن کااظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلاء کو بحث کے لئے طلب کرلیا۔
ہائیکورٹ نے 2006ء میں ایئرپورٹ سے قبضہ میں لیا گیا 5کلو سونا پاکستان منٹ کے حوالے کر کے پگھلانے پر کسٹمز حکام کے جواب کو غیرتسلی بخش قرار دیدیا۔جسٹس خالد اسحاق نے سماعت کے دوران استفسار کیا کہ سونا کیوں اور کس قانون کے تحت پگھلایا گیا اور یہ فیصلہ کس کے حکم پر کیا گیا؟۔ایڈیشنل کلیکٹر کسٹمز نے موقف اختیار کیا کہ سونا پاکستان منٹ کے حوالے کیا گیا، جہاں اسے پگھلا دیا گیا۔
درخواست گزار عباس علی نے موقف اختیار کیا کہ کسٹمز حکام نے سونا واپس کیا اور نہ ہی موجودہ ریٹ کے مطابق قیمت ادا کی۔کسٹمز حکام نے کہا کہ وہ 2006ء کے ریٹ یعنی 60 لاکھ روپے دینے پر تیار ہیں۔ جس پر عدالت نے کہا کہ دینا ہے تو آج کے ریٹ پر دیں۔عدالت نے وکلاء کو آئندہ سماعت پر بحث کے لئے طلب کر کے کیس ملتوی کردیا۔









