ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنے خلاف فراڈ کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔سوناکشی سنہا نے اپنے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ان خبروں کو ‘خالص افسانہ’ قرار دے دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق، سوناکشی سنہا نے ایک باضابطہ بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے مبینہ فراڈ کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی افواہوں کی تردید کی ہے۔سوناکشی نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کی خبروں کو نہ پھیلائیں جوکہ صرف اداکارہ کو ہراساں کرنے کے لیے بنائی جارہی ہیں ۔اداکارہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ’میڈیا پر ان کے خلاف ناقابلِ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی افواہیں بغیر کسی حکام سے تصدیق کروائے چلائی جارہی ہیں’۔
اْنہوں نے مزید کہا کہ’یہ صرف ایک افسانہ ہے اور ایک بدمعاش آدمی کا کام ہے جوکہ اْنہیں ہراساں کرنے کی کوشش کر رہا ہے’۔ اْنہوں نے میڈیا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ’وہ تمام میڈیا ہاؤسز، صحافیوں اور نیوز رپورٹرز سے درخواست کرتی ہیں کہ وہ اس جعلی خبر کو نہ پھیلائیں’۔ اْنہوں نے کہا کہ’ یہ معاملہ مراد آباد کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اس میں اسٹے آرڈر دیا ہوا ہے اور ان کی قانونی ٹیم اس توہین عدالت پرضروری کارروائی کرے گی’۔