عظمیٰ بخاری

سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے معصوم بچیوں کی زندگی خراب کرنے کی کوشش کی گئی ‘ عظمیٰ بخاری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے معصوم بچیوں کی زندگی خراب کرنے کی کوشش کی گئی ،ایک بچی کے نام پر 3بچیوں کی تصاویر لگائی گئیں، ایک اور بچی نے وزیراعلی مریم نواز سے خود رابطہ کیا ، جو بچی احتجاج میں بیہوش ہوگئی اس کی بھی ویڈیو لگائی گئی، دوسروں کی بچیوں کا تو لحاظ کرلو، اپنی سیاست کیلئے اتنا کیوں گررہے ہو؟،پنجاب میں منظم طور پر امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے ، کسی کو اجازت نہیں کہ وہ امن وامان خراب کرے،بغاوت کی کالز دے، کوئی الزام لگارہا ہے تو وہ ثبوت بھی پیش کرے۔

لاہورہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ میں کسی غلط بیان کو قبول نہیں کرتی، کسی کی بچی اس ملک میں سستی نہیں، خاص طور پر پنجاب میں کسی کی بچی سستی نہیں ہے۔سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں لائن آرڈر کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ، والدین پولیس اسٹیشنوں کے باہر کھڑے ہوکر رل رہے ہیں، 9مئی والی لوٹ مار کی گئی ہے، تحریک فساد پارٹی آج معصوم بننے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکائونٹس کے ذریعے مہم چلائی جارہی ہے، اپنے ملک پر بغاوت کو فرض قرار دیا جارہا ہے، والدین ،اساتذہ اور میڈیا اپنی اپنی ذمہ داری پوری کرے۔انہو ں نے کہا کہ اب مجھے وزیروں والی اکڑ میں رہنا چاہیے، بھائی بیٹے والی بات اب ختم ہو گئی، اب میں آپائوں کی طرح نہیں منسٹر والی اکڑ دکھائوں گی۔جو مجھے میری اوقات بتاتے ہیں ان کو پہلے اپنی اوقات دیکھنی چاہیے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ جو صحافی غلط کریں گے ایکشن تو پھر لیا جائے گا، کچھ یوٹیوبرز نے باقاعدہ مریم نوز کا نام بھی استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک کے نوجوانوں کو کیا سکھا دیا ہے، تحریکِ فساد والے اس معاملے کو کیوں ہوا دے رہے ہیں؟ کسی کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائیں، ہم ساتھ دیں گے۔