عظمیٰ بخاری

سوشل میڈیا پر مذہبی نفرت برداشت نہیں کی جائے گی، سخت ایکشن ہوگا’ عظمیٰ بخاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے عشرہ محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جھنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے محرم الحرام کے دوران امن و امان، جلوسوں کے روٹس، سیکیورٹی اور سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں کمشنر فیصل آباد مریم خان، آر پی او ذیشان اصغر، رکن صوبائی اسمبلی کرنل (ر) غضنفر عباس قریشی، سابق ارکان اسمبلی محمد اسلم بھروانہ، محمد یعقوب شیخ، فیصل حیات جبوآنہ، خالد غنی، صاحبزادہ مولانا محمد آصف معاویہ، امیر عباس سیال سمیت ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور مجالس کے منتظمین نے شرکت کی۔

عظمیٰ بخاری نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ محرم ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔جلوسوں کے روٹس میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کی جائے۔فول پروف سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ جلوسوں کے راستوں پر لائٹس، پانی کا چھڑکاؤ، اور سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔تمام مکاتب فکر کے علما صبر، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام دیں۔

سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔رکن صوبائی اسمبلی کرنل (ر) غضنفر عباس قریشی نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام مکاتب فکر متحد ہیں اور ہم سب مل کر حالات کو پُرامن بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔وزیر اطلاعات نے بعد ازاں سیف سٹی اتھارٹی کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں انہیں چھ محرم کے جلوسوں کی CCTV مانیٹرنگ کے عمل پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جلوسوں کے تمام مرکزی راستے کیمروں کی مدد سے مسلسل مانیٹر کیے جا رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے جھنگ سٹی میں سبیل پوائنٹس کا بھی معائنہ کیا اور صفائی، پانی کی دستیابی اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ سبیلز کی صفائی اور پانی کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔وزیر اطلاعات نے سات محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے ساڑھے تین کلومیٹر طویل روٹ کا خود دورہ کیا اور امام بارگاہ مہاجرین میں منتظمین سے ملاقات کے دوران انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔