سوزوکی

سوزوکی نے کلٹس اور سویفٹ کی قیمت میں بڑا اضافہ کر دیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے ڈیلرز کو جاری کردہ حالیہ سرکلر میں سوزوکی کلٹس کی اپ گریڈڈ لائن اپ اور سوئفٹ GL MT ماڈل کی نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

یہ قیمتیں فوری طور پرنافذ العمل ہوں گی۔کمپنی کے مطابق کلٹس کے تمام ویرینٹس میں صارفین کی بدلتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نمایاں بہتریاں کی گئی ہیں، جن میں حفاظت، آرام اور مصنوعات کی مجموعی کارکردگی پر توجہ دی گئی ہے۔

سوزوکی کلٹس وی ایکس آر (Suzuki Cultus VXR) کی قیمت میں 3 لاکھ 72 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیاہے جس کے بعد نئی قیمت 42 لاکھ 30 ہزار روپے ہو گی جبکہ اس سے قبل یہ گاڑی 38 لاکھ 58 ہزار روپے میں فروخت کی جارہی تھی۔سوزوکی کلٹس وی ایکس ایل (Suzuki Cultus VXL) کی قیمت میں 72 ہزار روپے کا اضافہ کیاہے جس کے بعد گاڑ ی کی قیمت 43 لاکھ 16 ہزار روپے پر پہنچ گئی ہے جبکہ ا سے قبل یہ گاڑی 42 لاکھ 44 ہزار روپے میں فروخت کی جارہی تھی ۔

سوزوکی کلٹس اے جی ایس (Suzuki Cultus AGS) کی قیمت بھی 72 ہزار روپے بڑھائی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 46 لاکھ 18 ہزار روپے پر پہنچ گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ گاڑی 45 لاکھ 46 ہزار ورپے میں فروخت کی جارہی تھی ۔ریئر سینٹر سیٹ بیلٹ، ریئر ہیڈ ریسٹرینٹ ، ڈرائیور سیٹ بیلٹ بزر اور اسپیڈو میٹر پر ڈسپلے، چائلڈ سیٹ گارنش، آئی ایس او فکس اینکر، فرنٹ سیٹ بیلٹ پری ٹینشنرز اور فورس لمیٹرز کا اضافہ تمام وریرنٹس میں کیا گیاہے ۔

وی ایکس آر ایم ٹی میں ڈرائیور اور مسافر کیلئے ایئر بیگز، اینٹی لاک بریکنگ سسٹم اور سیپرٹ ریئر سیٹ کے اضافی فیچرز شامل کیئے گئے ہیں ۔کمپنی کے مطابق حفاظتی فیچرز میں یہ اضافہ ڈرائیونگ اعتماد اور مسافروں کے تحفظ کو مزید بہتر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

سوزکی نے اپنی مشہور زمانہ گاڑی سویفٹ کی قیمت میں بھی80 ہزار روپے اضافے کا اعلان کیاہے جس کے بعد نئی قیمت 44 لاکھ 16 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے جبکہ ا س سے قبل یہ گاڑی 43 لاکھ 36 ہزار روپے میں فروخت کی جارہی تھی ۔