محمد جاوید قصوری

سوراب میں دہشت گردی قابل مذمت ، بھارت گھٹیا حرکتوں پر اتر آیا ہے’ جاوید قصوری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے بلوچستان کے شہر سوراب میں دہشت گردی کے واقعے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکی ہلاکت اور بنک لوٹنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی پست پر صرف اور صرف بھارت ہے جو پاکستان کو اندورنی سطح پر خلفشار کا شکار کرکے کمزور کرنا چاہتا ہے.

ہندوستان نے سرحدوں پر حملہ کرکے دیکھ لیا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور وہ ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتا ، اس لئے مودی نے ایک مرتبہ پھر سے بلوچستان کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جب تک بھارت اپنے گھناونے عزائم کو ترک نہیں کر دیتا اس وقت تک امن قائم نہیں ہو سکتا۔ بھارت نے خود تسلیم کر لیا ہے کہ پاکستان کے خلاف جنگ میں ہندوستان کو بھاری نقصان پہنچا ہے ۔

پاکستانی فوج نے جرات مندانہ جواب دیکر ہندوستان کو پوری دنیا کے اندر بے نقاب کیاہے ۔ مودی پر جنگی جنون سوار ہے وہ باز نہیں آئے گا ۔ اگر بھارت، پاکستان کے خلاف کو ئی جارحیت کرے گا تو 10مئی کی طرح بھرپور جواب دیا جائے گا ۔مودی گولی چلائے گا تو پاکستان غوری چلائے گا ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے وفاقی بجٹ میں غریب عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا ئے۔ خاص طور پر ٹیکس میں کمی، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ اور دیگر سماجی و اقتصادی مسائل کے حل پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔

بجٹ میں عام آ دمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے غریب طبقے کو شدید متاثر کیا ہے اور اگر فوری طور پر اس پر قابو نہ پایا گیا تو ملک میں معاشرتی و اقتصادی بحران جنم لے سکتا ہے، اس لیے وفاقی بجٹ میں ایسے اقدامات شامل کیے جائیں جو روزمرہ کی ضروریات کو سستا کریں اور غریبوں کی معاشی حالت بہتر بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہوں اور پنشنز میں اضافہ کرکے سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کی زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے جو ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ضروری ہے، بجٹ میں صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی ترجیح دی جانی چا ہیے تاکہ ملک کے محروم طبقات کو مستحکم کیا جا سکے اور پاکستان کی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد رکھی جا سکے۔

موجودہ حکمرانوں کی ترجیحات میں عوام کے ریلیف کیلئے کوئی جامع پالیسی سرے سے ہی موجود نہیں۔حکومت خود کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نکالے اور اپنی شاہ خرچیاں ختم کرے ۔محمدجاوید قصوری نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر سیاسی عدم استحکام اور انتقامی سیاست کے ماحول کو ختم کیا جائے ۔ ملک کے اندر تمام اداروں کا آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کرنا چاہئے ۔ حکومت کا فرض ہے کہ وہ ملک کے اندر جو یکجہتی قائم ہوئی ہے اس کو برقرار رکھے۔