زرتاج گل

سوال پوچھنے والوں کو اٹھانا بند کردیں’ زرتاج گل

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ غائب کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، سوال پوچھنے والوں کو اٹھانا بند کردیں۔

اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعے کی بنیاد پر پی ٹی آئی کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔زرتاج گل نے کہا کہ کیسز کے ذریعے بانی پی ٹی آئی اور ورکرز کو ذہنی طور پر توڑنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کے کارکنان کو آج بھی غائب کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اب بھی کیسز بھگت رہے ہیں، تحریک انصاف کو دہشتگرد بنا کر پیش کرنے سے ملک کے معاملات حل نہیں ہوں گے۔زرتاج گل نے کہا کہ حکومت کو ملک کا خیال نہیں، وزیراعظم کا رویہ بھی غیر سنجیدہ ہے، حکومت صرف تحریک انصاف کے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ حکومت کسی کام کی نہیں، ان کا تو ووٹ بھی عوام کی امانت نہیں۔