ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی وڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اداکار سے کہا تھا کہ وہ کم از کم 20 کلو وزن کم کریں اور فلموں میں دوبارہ کام شروع کریں۔
کئی عرصے سے فلموں سے دور گووندا اپنی ازدواجی زندگی کے سبب کچھ عرصے سے خوب چرچوں میں رہے ہیں، کبھی اہلیہ سے طلاق کی خبریں منظر عام پر آئیں تو کبھی ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے جوڑے نے بیان جاری کیا۔ان سب کے باوجود اب یہ جوڑا ایک ساتھ ازدواجی زندگی گزار رہا ہے۔حال ہی میں انسٹنٹ بالی وڈ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر سے بار بار کہتی رہی ہیں کہ وہ وزن کم کریں اور دوبارہ فلمی میدان میں قدم رکھیں۔
سنیتا نے بتایا کہ ،برسوں پہلے گووندا نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کے پسندیدہ اداکار سلویسٹر اسٹالون جیسے بن جائیں گے۔لیکن اب مجھے لگتا ہے کہ اس جنم میں تو ایسا بالکل نہیں ہوگا۔دوران انٹرویو جب سنیتا سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی گووندا سے کبھی لڑائی ہوتی ہے یا کیا وہ ان کی آواز سے ڈرتے ہیں، تو انہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ،میری گووندا سے کبھی کسی بات پر لڑائی نہیں ہوتی، سوائے ایک بات کے کہ وہ دوبارہ کام شروع کریں، لوگ انہیں بہت یاد کر رہے ہیں۔