لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں سنٹرل ماڈل سکول کے امور کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں سنٹر ل ماڈل سکول کو سنٹرآف ایکسی لینس کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ بہترین طلبہ کو سنٹرل ماڈل سکول میں داخلہ دیا جائے گا اور سکول میں داخلے کا طریقہ کار وضع کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ،کمشنر لاہور ڈویژن اورسیکرٹری سکول ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔
خصوصی کمیٹی طلبہ کیلئے داخلہ ٹیسٹ کا طریقہ کاروضع کرے گی۔ کامیاب طلبہ کو سنٹرل ماڈل سکول میں داخلہ اورخصوصی پیکیج دیا جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سنٹرل ماڈل سکول میں اے اوراو لیول کلاسز کے اجراء کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔سنٹرل ماڈل سکول کی عمارت تعمیرو بحالی کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر،ڈاکٹرجاوید اکرم ،مشیر وزیراعلیٰ وہاب ریاض، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، دانش سکول اتھارٹی کے ایم ڈی ، چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔